تھانہ ٹاون شپ میں 2 خواتین کی پراسرار موت، پولیس کی تحقیقات کا آغاز، ابتدائی رپورٹ میں کیا سامنے آیا؟

لاہور ( پنجاب پوسٹ ) لاہور کے علاقے ٹاؤن شپ میں پولیس کی تحویل میں دو خواتین کی پراسرار ہلاکت کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کے بعد پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پولیس کے مطابق ون فائیو پر اطلاع موصول ہوئی کہ دو خواتین مبینہ طور پر نوسربازی کے ذریعے ایک شہری کی سونے کی بالیاں ہتھیانے کی کوشش کر رہی ہیں۔

اطلاع ملنے پر ٹاؤن شپ پولیس موقع پر پہنچی اور دونوں خواتین کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق زیرِ حراست خواتین کی شناخت انمول اور آمنہ کے نام سے ہوئی۔ ابتدائی تفتیش کے دوران پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں خواتین مبینہ طور پر سابقہ ریکارڈ یافتہ نوسرباز تھیں، جس پر ان کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق دورانِ حراست اچانک دونوں خواتین کی طبیعت بگڑ گئی اور ان کے منہ سے جھاگ نکلنا شروع ہو گئی، جس پر فوری طور پر ریسکیو اور ایمبولینس طلب کی گئی۔ تاہم ایک خاتون تھانے میں ہی دم توڑ گئی جبکہ دوسری کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ بھی جانبر نہ ہو سکی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دونوں خواتین کی ہلاکت کسی زہریلی چیز کے استعمال کے باعث ہوئی، تاہم حتمی وجہ کا تعین پوسٹمارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی ممکن ہو سکے گا۔ دونوں لاشوں کو پوسٹمارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور تحقیقات جاری ہیں تاکہ دونوں خواتین کی ہلاکت کی اصل وجوہات سامنے لائی جا سکیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے