اسلام آباد(پنجاب پوسٹ) پاکستان نے بین الاقوامی سائبر کرائم کے خلاف کارروائی میں ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے عالمی سائبر کرائم نیٹ ورک Tycoon2FA کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ این سی سی آئی اے (NCCIA)، انٹرپول اور سنگاپور پولیس کی مشترکہ انٹیلی جنس اور آپریشنل کارروائی کے نتیجے میں عالمی فشنگ نیٹ ورک کو بے نقاب کرتے ہوئے اسلام آباد سے اس نیٹ ورک کے دو اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ اس کامیاب کارروائی کو پاکستان کی سائبر سکیورٹی کے شعبے میں ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان عالمی سطح پر سرگرم سائبر مجرم گروہوں کو فشنگ سافٹ ویئر، سائبر ٹولز اور دیگر تکنیکی سہولیات فراہم کرتے تھے۔ یہ نیٹ ورک پاکستان، سنگاپور سمیت مختلف ممالک کے شہریوں اور اداروں کو نشانہ بنا رہا تھا۔ ملزمان جعلی شناختوں، خفیہ مواصلاتی نظام اور جدید ڈیجیٹل ذرائع استعمال کرتے ہوئے اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے تھے تاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نظروں سے بچ سکیں۔
تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ سائبر گینگ کے ارکان سنگاپور پولیس افسران کا روپ دھار کر شہریوں کو جعلی کالز اور پیغامات کے ذریعے دھوکہ دیتے، حساس معلومات اور مالی تفصیلات حاصل کرتے اور بعد ازاں مختلف مالیاتی فراڈ میں ملوث رہتے تھے۔ اس نیٹ ورک کی سرگرمیوں سے متعدد ممالک متاثر ہوئے، جس کے باعث بین الاقوامی سطح پر مشترکہ کارروائی کی ضرورت پیش آئی۔
این سی سی آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل سید خرم علی شاہ کی قیادت میں انٹیلی جنس پر مبنی کامیاب آپریشن کیا گیا، جبکہ پنجاب میں ڈائریکٹر محمد علی وسیم کی نگرانی میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے۔ کارروائی کے دوران اہم ڈیجیٹل شواہد، الیکٹرانک آلات اور دیگر مواد قبضے میں لے لیا گیا، جن کی فرانزک جانچ جاری ہے۔
سنگاپور پولیس نے این سی سی آئی اے کے بروقت تعاون، انٹیلی جنس شیئرنگ اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے اس مشترکہ کارروائی کو عالمی سائبر کرائم کے خلاف اہم کامیابی قرار دیا۔ حکام کے مطابق بین الاقوامی تعاون کے ذریعے ایسے جرائم کی روک تھام مزید مؤثر بنائی جائے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے این سی سی آئی اے اور کارروائی میں شریک تمام اداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ Tycoon2FA نیٹ ورک کا خاتمہ پاکستان کے سائبر جرائم کے خلاف غیر متزلزل عزم کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کامیاب کارروائی سے عالمی سائبر سکیورٹی میں پاکستان کی ساکھ مزید مضبوط ہوئی ہے اور پاکستان نے بین الاقوامی سائبر کرائم کے خلاف تعاون میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔
وزیر داخلہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت جدید ٹیکنالوجی، بین الاقوامی تعاون اور مضبوط ادارہ جاتی استعداد کے ذریعے سائبر جرائم کے خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے گی تاکہ شہریوں اور قومی اداروں کو ڈیجیٹل خطرات سے محفوظ بنایا جا سکے۔












