وہاڑی ( پنجاب پوسٹ ) وہاڑی میں یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ کی قیادت میں بلدیہ چوک سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی، جس میں "کشمیر بنے گا پاکستان” کے نعرے لگائے گئے۔
ریلی میں اے ڈی سی جی غلام مرتضیٰ، اسسٹنٹ کمشنر انعم اکرم، مختلف سرکاری محکموں کے افسران، وکلا، تاجر، صحافی، سول سوسائٹی، انجمن تاجران، سیاسی و سماجی شخصیات، طلبہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے پلے کارڈز اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ نے کہا کہ 5 اگست کا دن کشمیری عوام کے بنیادی حقوق پر حملے کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر ظلم و جبر کا سلسلہ شروع کیا، تاہم پاکستان ہر مشکل گھڑی میں کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اور رہے گا، جبکہ کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کو کبھی دبایا نہیں جا سکتا۔












