فیروز والا، الخدمت فاونڈیشن کی امدادی سرگرمیاں،6 کشتیوں کے ذریعے 852 افراد ریسکیو،13228 متاثرین کو کھانا پہنچایا گیا

لاہور ( پنجاب پوسٹ ) فیروزوالا میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں الخدمت فاؤنڈیشن کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، جہاں متاثرین کو خوراک، صاف پانی، طبی سہولیات اور محفوظ مقامات پر منتقلی کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

چیئرمین الخدمت ڈیزاسٹر مینجمنٹ اعجاز اللہ خان کے مطابق سیلاب کے پہلے روز سے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیمیں اور رضاکار امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ اب تک 13 ہزار 228 متاثرہ افراد کو پکا پکایا کھانا، 11 ہزار 358 افراد کو صاف پانی فراہم کیا جا چکا ہے، جبکہ 6 کشتیوں کے ذریعے 852 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں 5 میڈیکل کیمپوں میں 586 متاثرین کو مفت طبی معائنہ، ادویات اور علاج کی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ہر قدرتی آفت کے دوران بروقت امداد کی فراہمی کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھتی ہے۔ ان کے مطابق 2022 کے سیلاب کے بعد ڈیزاسٹر مینجمنٹ نظام کو مزید مؤثر بنایا گیا، جس کے تحت ملک بھر میں 46 ڈیزاسٹر رسپانس سینٹرز اور جدید ویئر ہاؤسز فعال ہیں تاکہ ہنگامی صورتحال میں امدادی سامان اور تربیت یافتہ ٹیموں کو فوری متاثرہ علاقوں تک پہنچایا جا سکے۔

صدر الخدمت فاؤنڈیشن وسطی پنجاب اکرام الحق نے بتایا کہ تربیت یافتہ رضاکار، پروفیشنل ریسکیو ٹیمیں اور جدید آلات ہر وقت ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے تیار رہتے ہیں۔ ان کے مطابق رواں سال یکم جنوری سے اب تک ایک ہزار 852 افراد کو ایمرجنسی رسپانس اور حادثات سے نمٹنے کی تربیت دی جا چکی ہے، جبکہ یکم مئی 2023 سے اب تک مجموعی طور پر 6 ہزار 720 افراد ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی تربیت حاصل کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن متاثرین کی مکمل بحالی تک ریلیف آپریشن جاری رکھے گی اور مخیر حضرات سے سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی میں بھرپور تعاون کی اپیل بھی کی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے