لاہور (پنجاب پوسٹ) غازی آباد میں اے ایس آئی پر ایک لڑکی سے مبینہ زیادتی کے الزام کے بعد کارروائی میں تاخیر اور اعلیٰ افسران کو بروقت آگاہ نہ کرنے پر تھانہ غازی آباد کے ایس ایچ او سمیت پورے عملے کو معطل کر دیا گیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز کے احکامات پر ایس ایچ او غازی آباد شہریار کو معطل کرکے ان کی جگہ علی زیب دستگیر کو نیا ایس ایچ او تعینات کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق غفلت اور معاملہ چھپانے پر تھانے کے تمام اہلکاروں کو لائن حاضر کرتے ہوئے معطل کر دیا گیا۔ معطل کیے جانے والوں میں سب انسپکٹرز، 8 اے ایس آئیز، 5 ہیڈ کانسٹیبلز، فرنٹ ڈیسک عملہ، محرر، ڈرائیورز اور دیگر اہلکار شامل ہیں، جبکہ مجموعی طور پر 78 اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق تھانہ غازی آباد میں ایس ایچ او سمیت تمام اہلکاروں کی معطلی کی رپٹ بھی درج کر دی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے اور اس میں مبینہ غفلت کی ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔












