لاہور (پنجاب پوسٹ) چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر پنجاب پولیس نے صوبہ بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم کے مطابق صوبے میں 730 مجالس اور 420 عزاداری جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے 42 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں، جبکہ لاہور میں 44 مجالس اور 17 جلوسوں کی حفاظت پر 10 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 390 واک تھرو گیٹس، 6427 میٹل ڈیٹیکٹرز، سیف سٹیز کیمروں، سنائپرز، لیڈی پولیس، ایلیٹ فورس، ٹریفک پولیس اور رضاکاروں کی مدد سے سکیورٹی کو مؤثر بنایا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس پر آنے والے زائرین کی سکیورٹی کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں جبکہ سپیشل کنٹرول رومز سے جلوسوں، مجالس اور عرس تقریبات کی مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے۔












