لاہور (پنجاب پوسٹ) چہلم حضرت امام حسینؑ اور حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ کے عرس کے موقع پر لاہور ٹریفک پولیس نے شہر بھر میں خصوصی ٹریفک پلان نافذ کر دیا ہے۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق جلوس اور عرس کے باعث 19 مقامات پر ٹریفک ڈائیورشنز قائم کی گئی ہیں جبکہ متعدد اہم شاہراہیں عام ٹریفک کے لیے بند رہیں گی۔
ٹریفک پولیس کے مطابق کچہری چوک، بھاٹی چوک اور پیر مکی سے داتا دربار تک ہر قسم کی ٹریفک کا داخلہ بند ہے۔ میلاد چوک، اکبری گیٹ، شاہ عالم چوک، موری گیٹ، ٹیکسالی چوک، آزادی فلائی اوور، کچہری چوک اور پیر مکی سمیت مختلف مقامات پر ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
شاہدرہ سے لوئر مال آنے والی ٹریفک کو آزادی چوک سے ریلوے اسٹیشن جبکہ نیازی شہید چوک سے بند روڈ اور سگیاں کی جانب موڑا جا رہا ہے۔ کچہری چوک سے تمام ٹریفک آؤٹ فال روڈ کی طرف بھیجی جا رہی ہے جبکہ چوبرجی اور پی ایم جی چوک سے راوی روڈ جانے والے شہری سگیاں رنگ روڈ استعمال کریں۔
سی ٹی او لاہور نے بتایا کہ لوئر مال روڈ، ضلع کچہری چوک سے پیر مکی یوٹرن تک ہر قسم کی ٹریفک بند رہے گی۔ چوک ضلع کچہری، ڈی آئی جی آپریشن آفس، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی، ریٹیگین، بلال گنج، بیری والا، موری گیٹ، ٹیکسالی چوک اور آزادی چوک سے بھی داتا دربار اور لوئر مال کی جانب ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا۔
زائرین اور عزاداروں کی سہولت کے لیے خصوصی پارکنگ اسٹینڈز قائم کیے گئے ہیں جبکہ دودھ بردار گاڑیوں، ریڑھوں اور رکشوں کے لیے بھی الگ روٹس مقرر کیے گئے ہیں۔ قصور، کاہنہ، برکی روڈ، بیدیاں روڈ اور جی ٹی روڈ سے آنے والی دودھ بردار گاڑیاں رنگ روڈ اور آزادی فلائی اوور کے راستے اپنی منزل تک پہنچیں گی۔
سکیورٹی اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ایس ایس پی سٹی زون مقصود لون کی نگرانی میں 5 ڈی ایس پیز، 111 ٹریفک انسپکٹرز، 900 ٹریفک وارڈنز، 15 فوک لفٹرز اور 4 بریک ڈاؤن گاڑیاں تعینات کی گئی ہیں۔
سی ٹی او لاہور نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سفر سے قبل راستہ ایف ایم اور راستہ ایپ سے ٹریفک اپ ڈیٹس ضرور حاصل کریں، جبکہ مزید رہنمائی یا مدد کے لیے ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔












