لاہور ( پنجاب پوسٹ ) پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی (پی ایل آر اے) نے پہلی مرتبہ آن لائن ریموٹ لینڈ ٹرانزیکشن کامیابی سے مکمل کر لی۔ اس عمل میں پاکستان ہائی کمیشن لندن نے فعال کردار ادا کیا، جہاں بیرونِ ملک مقیم ایک پاکستانی نے دینہ میں واقع اپنی زمین آن لائن فروخت کی۔
پی ایل آر اے کے مطابق خریدار اور گواہان سب رجسٹرار دینہ کے دفتر میں پیش ہوئے، جبکہ فروخت کنندہ نے پاکستان ہائی کمیشن لندن میں تعینات مجاز افسر کے سامنے ای رجسٹریشن سسٹم کے ذریعے اپنا بیان ریکارڈ کرایا، جس کے بعد لینڈ ٹرانزیکشن کامیابی سے مکمل کی گئی۔اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اس سہولت سے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے سفری اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی، جبکہ پنجاب کے رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کو فروغ ملنے کے ساتھ ساتھ حکومتی محصولات میں بھی اضافہ ہوگا۔
پی ایل آر اے کے مطابق آئندہ مرحلے میں اس سروس کا دائرہ کار سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات تک بھی وسیع کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ پی ایل آر اے اپنے ہاؤسنگ سوسائٹیز مینجمنٹ سسٹم کو بھی بیرونِ ملک پاکستانی سفارتی مشنز سے منسلک کرے گی تاکہ قانونی طور پر قائم نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز میں زمین کی خرید و فروخت اور دیگر لینڈ ٹرانزیکشنز بھی بیرونِ ملک سے آسانی سے انجام دی جا سکیں۔













