لاہور(پنجاب پوسٹ) صوبائی دارالحکومت میں جشنِ آزادی کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں، اس حوالے سے منیجنگ ڈائریکٹر پی ایچ اے کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں تقریبات کے انتظامات کو حتمی شکل دینے پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق جشنِ آزادی کو شایانِ شان اور قومی جذبے کے ساتھ منانے کا فیصلہ کیا گیا۔ پی ایچ اے لاہور نے شہر بھر میں مختلف تقریبات اور سجاوٹ کے منصوبوں پر عملدرآمد تیز کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جشنِ آزادی کی تیاریاں عروج پر، لاہور کے بازار سبز و سفید رنگوں سے جگمگا اٹھے
ترجمان کے مطابق 13 اگست کی رات 12 بجے گریٹر اقبال پارک میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا جائے گا جبکہ 14 اگست کی صبح 9 بجے جیلانی پارک میں مرکزی پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوگی۔
جشنِ آزادی کے موقع پر لاہور کی اہم شاہراہوں کو خصوصی لائٹنگ سے سجایا جائے گا جن میں جیل روڈ، مال روڈ، کینال روڈ اور مین بلیوارڈ گلبرگ شامل ہیں، جو قومی پرچم کے رنگوں میں جگمگائیں گی۔
شہریوں میں شجرکاری کے فروغ کے لیے لبرٹی چوک سمیت پی ایچ اے کے تمام زونز میں مفت پودوں کی تقسیم کے لیے خصوصی اسٹالز قائم کیے جائیں گے جبکہ جشنِ آزادی سے قبل شہر میں خصوصی فلوٹس بھی چلائے جائیں گے۔
ایم ڈی پی ایچ اے احمد عثمان جاوید کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس کی نسبت اس سال زیادہ بہتر اور شاندار انتظامات کیے جا رہے ہیں اور جشنِ آزادی کو بھرپور قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس موقع پر "سرسبز لاہور” کا پیغام بھی عام کیا جائے گا۔












