لاہور (پنجاب پوسٹ) دنیا کے پہلے اے آئی اینیبلڈ ڈلیوری یونٹ کی کارکردگی اور پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق اے آئی اینیبلڈ ڈلیوری یونٹ کے قیام پر تیزی سے کام جاری ہے۔ اجلاس کی صدارت کرنے والے علی ڈار نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ یونٹ کے ترجیحی منصوبوں اور پائلٹ پراجیکٹس پر ہونے والی مجموعی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
علی ڈار کا کہنا تھا کہ اے آئی ڈلیوری یونٹ حکومتی منصوبوں کی بروقت اور مؤثر تکمیل کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے حکومتی منصوبوں کی ڈلیوری کو تیز، مربوط اور زیادہ مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ ڈیٹا اور اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے حکومتی منصوبوں کی نگرانی، عملدرآمد اور نتائج کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ علی ڈار کے مطابق اے آئی کے ذریعے پبلک سروس ڈلیوری کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے تیز رفتار اور عوامی ضروریات کے مطابق ڈھالا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کا پہلا اے آئی اینیبلڈ ڈلیوری یونٹ پنجاب میں گورننس اور پبلک سروس ڈلیوری کے ایک نئے دور کی بنیاد رکھ رہا ہے، جو مستقبل میں عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی میں معاون ثابت ہوگا۔











