ساہیوال (پنجاب پوسٹ) ساہیوال کے نواحی گاؤں اڑا تلہ میں قتل کی لرزہ خیز واردات پیش آئی ہے، جہاں نامعلوم افراد نے ایک 45 سالہ طلاق یافتہ خاتون کو چھریوں کے وار کر کے بے دردی سے قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کی شناخت شریفاں بی بی کے نام سے ہوئی ہے جو اپنے گھر میں اپنی 20 سالہ معذور اور گونگی بہری بیٹی کے ہمراہ رہائش پذیر تھی۔ واقعے کے وقت گھر میں صرف ماں اور بیٹی موجود تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور میں بارش کے باعث ٹریفک نظام درہم برہم، گاڑیوں کی لمبی قطاریں
ذرائع کے مطابق مقتولہ کا سابق شوہر بیرون ملک مقیم ہے اور اس نے کچھ عرصہ قبل خاتون کو طلاق دے دی تھی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی صدر اور تھانہ بہادر شاہ کی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔
پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ڈی پی او ساہیوال نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ڈی ایس پی صدر کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جلد ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔












