لاہور میں بارش کے باعث ٹریفک نظام درہم برہم، گاڑیوں کی لمبی قطاریں

لاہور ( پنجاب پوسٹ ) لاہور میں بارش اور سکیورٹی انتظامات کے باعث شہر کا ٹریفک نظام بری طرح متاثر ہو گیا، جس کے نتیجے میں متعدد اہم شاہراہوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

تفصیلات کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک کا غیر معمولی دباؤ دیکھنے میں آیا۔ ٹریفک وارڈنز کی موجودگی کے باوجود کئی مقامات پر ٹریفک کی روانی بحال نہ ہو سکی، جس سے دفاتر، تعلیمی اداروں اور دیگر مقامات کی جانب جانے والے شہری گھنٹوں ٹریفک میں پھنسے رہے۔

بارش کے باعث جوہر ٹاؤن، برکی روڈ، بادامی باغ، اقبال ٹاؤن، چوبرجی چوک، انارکلی، مزنگ، مال روڈ، ایبٹ روڈ اور ایمپرس روڈ پر شدید ٹریفک جام کی صورتحال رہی۔ اسی طرح نکلسن روڈ، میکلوڈ روڈ، سرکلر روڈ، شالیمار، بیگم کوٹ، گلبرگ اور جیل روڈ پر بھی گاڑیوں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا۔

دوسری جانب اندرونِ شہر سکیورٹی کے پیشِ نظر متعدد راستے بند ہونے کے باعث ملحقہ سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ مزید بڑھ گیا، جس سے آمدورفت کا نظام شدید متاثر ہوا۔

ٹریفک پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، متبادل راستے اختیار کرنے اور دورانِ بارش احتیاط سے ڈرائیونگ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ حکام کے مطابق مختلف مقامات پر اضافی ٹریفک وارڈنز تعینات کیے جا رہے ہیں تاکہ ٹریفک کی روانی کو جلد از جلد معمول پر لایا جا سکے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے