لاہور(پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر حکومت نے کم آمدنی والے گھرانوں کیلئے جاری مفت سولر پینل اسکیم میں 6 ماہ کی توسیع کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت اب یہ منصوبہ دسمبر 2026 تک جاری رہے گا۔
حکام کے مطابق اس توسیع کا مقصد زیادہ سے زیادہ مستحق خاندانوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنا ہے۔ اسکیم کے تحت مزید 94 ہزار سے زائد سولر سسٹمز تقسیم کیے جائیں گے، جس کیلئے تقریباً 9.97 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
اسکیم کے مطابق وہ صارفین اہل ہوں گے جو ماہانہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرتے ہیں، جبکہ سولر سسٹمز کی تقسیم قرعہ اندازی کے ذریعے شفاف انداز میں کی جا رہی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک 8 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جن میں سے 3 لاکھ 75 ہزار درخواست دہندگان کو ابتدائی طور پر اہل قرار دیا گیا ہے۔ منتخب گھرانوں کو 550 واٹ اور 1100 واٹ کے سولر سسٹمز فراہم کیے جا رہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں 90 ہزار سے زائد سسٹمز پہلے ہی تقسیم کیے جا چکے ہیں، جس سے غریب طبقے کے بجلی کے اخراجات میں نمایاں کمی آئی ہے۔
صوبائی حکومت کے مطابق یہ منصوبہ نہ صرف عوامی ریلیف کا ذریعہ ہے بلکہ صاف اور پائیدار توانائی کے فروغ اور توانائی کے بحران میں کمی کیلئے بھی اہم قدم ثابت ہوگا۔








