پنجاب کے فیکٹری مزدوروں کی زندگی بدلنے کو تیار، سوشل سیکورٹی ڈیپارٹمنٹ نے 52 ارب کی ریکوری کرلی، یہ رقم کیسے استعمال ہونی ہے؟

لاہور(پنجاب پوسٹ) پنجاب سوشل سکیورٹی کی ریکوری مہم کامیابی سے جاری ہے، جس کے تحت کنٹری بیوشن اور ورکرز ویلفیئر فنڈز کی مد میں مجموعی طور پر 52 ارب روپے کی ریکارڈ ریکوری کر لی گئی ہے۔

حکام کے مطابق کنٹری بیوشن کی مد میں 37 ارب روپے سے زائد رقم وصول کی گئی، جبکہ مالی سال 2024-25 کے مقابلے میں رواں سال اس مد میں 19.6 فیصد زیادہ ریکوری ریکارڈ کی گئی ہے۔

کمشنر سوشل سکیورٹی ذوالفقار علی کھرل کا کہنا ہے کہ فیکٹریوں اور صنعتی یونٹس میں ورکرز کی رجسٹریشن کے ساتھ ساتھ مزید ریکوری کا عمل تیزی سے جاری ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ محنت کشوں کو سوشل سکیورٹی کے دائرہ کار میں لایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ریکوری سے حاصل ہونے والی رقم محنت کشوں اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود پر خرچ کی جا رہی ہے، جس میں علاج معالجہ اور مالی معاونت شامل ہے۔

کمشنر کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت محنت کشوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جن میں راشن کارڈ، ہسپتالوں میں مفت طبی سہولیات اور دیگر فلاحی اقدامات کا سلسلہ بلا تعطل جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں میں ریکوری مہم کو مزید تیز کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ وسائل اکٹھے کر کے مزدور طبقے کی بہتری کے لیے استعمال کیے جا سکیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے