امریکہ 32 کروڑ آبادی کیلئے 50 ریاستیں، ایران 9 کروڑ پر 31 صوبے، ہم لاہور سے 571 کلومیٹر دور راجن پور گورننس کیسے کر سکتے ہیں؟ سابق وزیر بلدیات ابراہیم مراد کی تجویز

لاہور (پنجاب پوسٹ) سابق وزیر بلدیات ابراہیم مراد نے کہا ہے کہ آبادی اور انتظامی تقاضوں کے پیش نظر پاکستان میں نئے صوبوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ 571 کلومیٹر دور راجن پور کی مؤثر گورننس لاہور سے کیسے ممکن ہے؟ ان کے بقول دور دراز علاقوں کی بہتر حکمرانی کے لیے انتظامی ڈھانچے میں اصلاحات ناگزیر ہیں۔


ابراہیم مراد نے کہا کہ امریکہ میں 32 کروڑ آبادی کے لیے 50 ریاستیں جبکہ ایران میں 9 کروڑ آبادی پر 31 صوبے قائم ہیں، اس کے برعکس پاکستان میں بڑھتی ہوئی آبادی اور وسیع جغرافیے کے باوجود انتظامی نظام پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور سے ساڑھے پانچ گھنٹے کی مسافت پر واقع مری جیسے علاقوں کی مؤثر نگرانی بھی ایک بڑا انتظامی چیلنج ہے۔


انہوں نے تجویز دی کہ ڈویژنز کو صوبوں کا درجہ دینے سے عوامی مسائل کے حل، وسائل اور بجٹ کی منصفانہ تقسیم، بہتر گورننس، معاشی توازن اور قومی یکجہتی کو فروغ ملے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ چھوٹے اور مؤثر انتظامی یونٹس کرپشن میں کمی، بہتر نگرانی اور تیز رفتار ترقی کی راہ ہموار کریں گے۔


سابق وزیر بلدیات نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد میں ایک متفقہ لائحہ عمل اختیار کریں تاکہ نئے صوبوں کے قیام جیسے اہم قومی معاملے کا دیرپا حل نکالا جا سکے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے