لاہور (پنبجاب پوسٹ) راول ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث سپل ویز کھول دیے گئے، جو تقریباً ساڑھے پانچ گھنٹے تک کھلے رہنے کے بعد دوبارہ بند کر دیے گئے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق سپل ویز صبح 6 بجے اے سی سیکرٹریٹ کی زیر نگرانی کھولے گئے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سپل ویز کھولنے سے قبل تمام ضروری حفاظتی اقدامات مکمل کیے گئے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: راجن پور: کسانوں کے خلاف مبینہ مقدمہ، نہری پانی استعمال کرنا جرم بن گیا؟
حکام کے مطابق راول ڈیم میں پانی کی سطح مقررہ حد 1747 فٹ تک پہنچنے پر سپل ویز بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس دوران ریسکیو 1122، پولیس اور ضلعی انتظامیہ سمیت تمام متعلقہ ادارے موقع پر موجود رہے اور صورتحال کی نگرانی کرتے رہے۔
دریں اثنا، انتظامیہ نے نالوں میں نہانے سے شہریوں کو سختی سے منع کیا تھا، تاہم سپل ویز کھلنے کے دوران ایک شخص کو نالے میں نہانے پر گرفتار کر لیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور کسی بھی خطرناک مقام کے قریب جانے سے گریز کریں۔











