لاہور (پنجاب پوسٹ) بارشوں کے باعث شاہراہوں پر رین کٹس، شگافوں اور سڑکوں کی بحالی کے حوالے سے صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے بھر میں جاری بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سیکرٹری مواصلات و تعمیرات راجہ جہانگیر انور، چیف انجینئرز، تمام فیلڈ فارمیشنز جبکہ ضلعی افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس کو مختلف اضلاع میں بارشوں سے متاثرہ سڑکوں کی صورتحال اور بحالی کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق عوام کو محفوظ اور بلا تعطل سفری سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے رین کٹس، شگافوں اور سڑکوں کے کناروں کی مرمت کا کام ہنگامی بنیادوں پر جاری رکھنے کی ہدایت دی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ لاہور، پاکپتن، بہاولنگر، ننکانہ صاحب، ٹوبہ ٹیک سنگھ، فیصل آباد، چنیوٹ، خوشاب، حافظ آباد اور بہاولپور سمیت مختلف اضلاع میں رین کٹس بھرنے اور سڑکوں کی بحالی کا کام جاری ہے، جبکہ مرشدکے، باندی گلی، پنڈی پوائنٹ، اٹک اور دیگر متاثرہ علاقوں میں ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مون سون کا چوتھا اسپیل، پنجاب بھر میں واسا ہائی الرٹ، جیو لوکیشن سے عملے کی نگرانی
ملک صہیب احمد بھرتھ نے ہدایت کی کہ لینڈ سلائیڈنگ، سیلابی ریلوں اور رین کٹس سے متاثرہ شاہراہوں پر فوری حفاظتی اقدامات اور مؤثر ٹریفک مینجمنٹ کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنڈی پوائنٹ روڈ پر متاثرہ مقام کو بیریئرز اور حفاظتی ٹیپ سے محفوظ بنا دیا گیا ہے، جبکہ اٹک میں کمریال ڈیم کے قریب متاثرہ سڑک پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے عارضی ڈائیورژن قائم کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بہاولپور اور یزمان میں گرے ہوئے درخت ہٹانے، رین کٹس بھرنے، کینال بریچنگ کی مرمت اور سڑکوں سے پانی نکالنے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ تمام فیلڈ افسران کو متاثرہ شاہراہوں کی مسلسل نگرانی اور ہر پیش رفت سے فوری آگاہ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ بارشوں کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے محکمہ مواصلات و تعمیرات کی تمام فیلڈ فارمیشنز 24 گھنٹے الرٹ ہیں اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔













