اسلام آباد(پنجاب پوسٹ)روات میں فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے اینٹی کرپشن سرکل نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی فارماسیوٹیکل اسٹوریج اور پروڈکشن فیکلٹی کو سیل کر دیا۔ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں جعلی اور ملاوٹی ادویات، خالی کیپسول شیلز، انجیکشن، سیرپ اور دیگر سامان برآمد کر لیا گیا۔ حکام کے مطابق کارروائی عوام کی صحت کو لاحق خطرات کے پیش نظر کی گئی۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق چھاپے کے دوران تقریباً 15 لاکھ خالی کیپسول شیلز، ہزاروں جعلی و ملاوٹی ادویات اور انجیکشن ضبط کیے گئے۔ اس کے علاوہ 20 ہزار سے زائد سیرپ اور 66 ہزار خالی بوتلیں بھی برآمد کی گئیں، جنہیں قبضے میں لے کر مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ساہیوال سے بھارتی خفیہ ایجنسی "را” کے 2 دہشتگرد گرفتار
ترجمان نے بتایا کہ کارروائی کے دوران ادویات کی تیاری میں اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) کی سنگین خلاف ورزیوں کا انکشاف ہوا۔ موقع پر موجود ڈرگ انسپکٹر نے ادویات کے نمونے حاصل کر لیے ہیں، جنہیں لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے بھجوا دیا گیا ہے تاکہ ان کے معیار اور اجزاء کی جانچ کی جا سکے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق غیر قانونی طور پر ادویات کی تیاری اور ذخیرہ اندوزی کا کام جاری تھا، جس سے انسانی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے تھے۔ واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ترجمان ایف آئی اے نے واضح کیا کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ جعلی اور ملاوٹی ادویات کے کاروبار میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا تاکہ صحت عامہ کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔













