لاہور(پنجاب پوسٹ) ڈی جی پی ڈی ایم اے محمد سیف انور جپہ نے پی ڈی ایم اے لاہور ویئر ہاؤس کا دورہ کیا اور سیلاب متاثرہ علاقوں کے لیے تیار کیے جانے والے امدادی سامان کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ڈی جی پی ڈی ایم اے نے متاثرین کے لیے خوراک اور پینے کی اشیاء کی پیکنگ کے عمل کا تفصیلی معائنہ کیا، جبکہ ہائجین کٹس اور دیگر امدادی سامان کے معیار کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر امدادی سامان کی پیکنگ، ذخیرہ اور متاثرہ علاقوں تک ترسیل کے انتظامات کا بھی معائنہ کیا گیا۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق فیروزوالہ، پٹھان کالونی اور مریدکے میں سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب میں مون سون بارشوں کا سسٹم موجود، 5 اگست تک جاری رہنے کی پیشگوئی
ڈی جی پی ڈی ایم اے محمد سیف انور جپہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر امدادی سامان بروقت فراہمی کے لیے تیار رکھا گیا ہے، جبکہ سامان کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ریلیف کیمپس میں خوراک، صاف پانی، ادویات اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق تمام متعلقہ ادارے مکمل الرٹ ہیں اور متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں بلا تعطل جاری ہیں، جبکہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔













