لاہور(پنجاب پوسٹ)حالیہ مون سون بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں، جہاں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے شعبہ خدمتِ خلق کے رضاکار ریسکیو، ریلیف، خوراک اور طبی امداد کی فراہمی میں مسلسل مصروف ہیں۔ مختلف متاثرہ علاقوں میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد پہنچانے کے لیے کشتیوں، موبائل میڈیکل یونٹس اور رضاکاروں کی خدمات بروئے کار لائی جا رہی ہیں۔
لاہور کے نواحی علاقوں رچنا ٹاؤن، رانا ٹاؤن، فیروزوالا، پٹھان کالونی سمیت شیخوپورہ، مریدکے اور کامونکی میں شعبہ خدمتِ خلق کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ تنظیم کے مطابق اب تک 6 ریسکیو کشتیوں کے ذریعے سیلابی پانی میں پھنسے 5,854 افراد اور 150 جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔امدادی سرگرمیوں کے تحت روزانہ 23,500 سے زائد متاثرین میں تیار شدہ کھانا تقسیم کیا جا رہا ہے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو خوراک کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس کے علاوہ 12 موبائل میڈیکل یونٹس کے ذریعے اب تک 2,110 مریضوں کا مفت طبی معائنہ کیا جا چکا ہے، جبکہ انہیں ضروری ادویات اور علاج کی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔
شعبہ خدمتِ خلق کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں مسلسل موجود ہیں اور ریسکیو، خوراک، طبی امداد اور دیگر ضروری خدمات کی فراہمی بلا تعطل جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ متاثرہ افراد کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے شعبہ خدمتِ خلق کے سربراہ چوہدری شفیق الرحمن وڑائچ نے کہا کہ آزمائش کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کی مدد ہر صاحبِ استطاعت فرد کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم کے رضاکار اپنی تمام تر صلاحیتوں اور دستیاب وسائل کے ساتھ متاثرین کی خدمت میں مصروف ہیں اور یہ امدادی سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک متاثرہ علاقوں میں معمولاتِ زندگی مکمل طور پر بحال نہیں ہو جاتے۔













