لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ میچز دکھانے کے میڈیا رائٹس کا معاہدہ ختم کرنے کے خلاف ٹاور سپورٹس کی درخواست تحریری نوٹس پیش کیے جانے پر نمٹا دی۔
جسٹس جاوید اقبال وینس نے ٹاور سپورٹس کی درخواست پر سماعت کی۔ ٹاور سپورٹس کی جانب سے ایڈووکیٹ تفضل رضوی جبکہ پی سی بی کی جانب سے بیرسٹر احتشام مختار پیش ہوئے۔
ٹاور سپورٹس کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ پی سی بی کی جانب سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ میچز میڈیا پر دکھانے کا معاہدہ کیا گیا تھا، تاہم پی سی بی نے ایک ای میل کے ذریعے معاہدہ ختم کر دیا۔
وکیل کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے اپریل 2026 میں پی سی بی کے اقدام کے خلاف حکم امتناعی جاری کیا، جبکہ پی سی بی نے فیصلے کے خلاف وفاقی آئینی عدالت میں اپیل دائر کر دی۔
ٹاور سپورٹس کے وکیل نے کہا کہ ہمارا معاہدہ 2026 میں ختم ہو چکا ہے اور ٹاور سپورٹس کو قانونی اہداف حاصل ہو گئے ہیں، اس لیے اب درخواست پر مزید کارروائی نہیں کرنا چاہتے۔
پی سی بی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ٹاور سپورٹس کے ساتھ میڈیا رائٹس کا معاہدہ دسمبر 2026 تک کے لیے کیا گیا تھا، جسے پی سی بی نے مئی 2026 میں ختم کر دیا۔
پی سی بی کے وکیل نے استدعا کی کہ وفاقی آئینی عدالت میں درخواست کے فیصلے تک کارروائی معطل کی جائے۔
عدالت نے معاہدہ ختم کرنے کا تحریری نوٹس پیش کرنے پر ٹاور سپورٹس کی درخواست نمٹا دی۔










