لاہور(پنجاب پوسٹ) خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کے 4 مختلف مقدمات میں لاہور پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چاروں مطلوب ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔
پولیس کے مطابق شاد باغ کے علاقے میں خاتون کو ہراساں کرنے والا ملزم عثمان تعاقب کے بعد گرفتار کیا گیا، جبکہ اسی علاقے میں 12 سالہ بچی سے نازیبا حرکات کرنے والا ملزم اشرف بھی پولیس کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں قانون کی گرفت میں آ گیا۔
اسی طرح مناواں کے علاقے الرحیم گارڈن میں خاتون سے نازیبا حرکت کرنے والے ملزم وقاص کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف تھانہ مناواں میں مقدمہ نمبر 2541/26 درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ریس کورس کے علاقے میں کمسن بچے سے زیادتی کی کوشش میں ملوث ملزم انور کو بھی گرفتار کر کے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق لاہور پولیس خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور ایسے واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رکھی جائے گی











