فیصل آباد(پنجاب پوسٹ) میں مسلسل بارش ایک اور افسوسناک سانحے کا سبب بن گئی، جہاں جھنگ روڈ کے علاقے چک نمبر 219 رب، ٹلیانوالہ میں خستہ حال مکان کی چھت اچانک گرنے سے ایک ہی خاندان شدید متاثر ہوا۔ حادثے کے نتیجے میں دو کمسن بچے جاں بحق جبکہ دو افراد شدید زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔ریسکیو حکام کے مطابق سنگل سٹوری مکان کی بانس اور گارڈر سے بنی خستہ حال چھت بارش کے باعث جمع ہونے والے پانی کا بوجھ برداشت نہ کر سکی اور اچانک منہدم ہو گئی۔ اس دوران گھر کے پانچ افراد ملبے تلے دب گئے، جس کے بعد مقامی افراد اور ریسکیو ٹیموں نے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
حادثے میں 6 ماہ کا محمد رضوان اور 5 سالہ محمد سبحان جان کی بازی ہار گئے۔ زخمیوں میں رزوانہ زوجہ محمد ادریس اور 6 سالہ محمد احمد شامل ہیں۔ محمد احمد کو مقامی افراد نے ریسکیو ٹیم کی آمد سے قبل ہی قریبی ہسپتال منتقل کر دیا تھا، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ 50 سالہ محمد ادریس کو موقع پر ابتدائی طبی امداد دی گئی، جبکہ زخمی خاتون کو مزید علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ریسکیو اہلکاروں نے ملبہ ہٹا کر متاثرین کو باہر نکالا اور امدادی کارروائی مکمل کی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق مسلسل بارش کے باعث چھت پر پانی جمع ہونے اور مکان کی خستہ تعمیر اس المناک حادثے کی بنیادی وجوہات قرار دی جا رہی ہیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی جبکہ شہریوں نے خستہ حال عمارتوں کی بروقت نشاندہی اور حفاظتی اقدامات پر زور دیا۔











