سرگودھا(پنجاب پوسٹ)بارشوں کے دوران خستہ حال عمارتوں اور عارضی رہائش گاہوں کی کمزوری ایک بار پھر المناک حادثے کا سبب بن گئی۔ سرگودھا کے علاقے بھیرہ میں ڈیری فارم کی چھت گرنے سے دو کمسن بچوں کی جان چلی گئی جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے، جس کے بعد امدادی اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متاثرین کو ملبے سے نکالا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ بھوجی کوٹ ڈھوری روڈ پر پیش آیا، جہاں ملتان سے تعلق رکھنے والی ایک مزدور فیملی ڈیری فارم پر رہائش پذیر تھی۔ مسلسل بارش کے باعث بانسوں اور کانوں سے بنی خستہ حال چھت اچانک منہدم ہو گئی، جس کے نتیجے میں پانچ ماہ کا محمد ایان اور پانچ سالہ محمد حسیب موقع پر جاں بحق ہو گئے۔
حادثے میں 22 سالہ کرن، 35 سالہ یوسف، 8 سالہ ثمینہ اور 10 سالہ محمود زخمی ہوئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں، ملبے تلے دبے افراد کو نکال کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور زخمیوں کو مزید علاج کے لیے ٹی ایچ کیو ہسپتال بھیرہ منتقل کر دیا، جبکہ جاں بحق بچوں کی میتیں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئیں۔ریسکیو حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بارشوں کے موسم میں بانس، لکڑی یا مٹی سے بنی خستہ حال چھتوں اور کمزور عمارتوں میں رہائش سے گریز کریں۔ اگر کسی عمارت میں دراڑیں یا کمزوری کے آثار نظر آئیں تو فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل ہو جائیں تاکہ کسی بھی ممکنہ جانی نقصان سے بچا جا سکے۔










