لاہور کینال روڈ پر چنگ چی رکشوں کیخلاف کریک ڈاؤن ، 8810 چنگ چی رکشوں 22822 لوڈر رکشوں کیخلاف کارروائی، تین ماہ سے کوئی مہلک حادثہ نہیں ہوا، ٹریفک پولیس

لاہور(پنجاب پوسٹ) میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کینال روڈ پر چنگ چی اور لوڈر رکشوں کے داخلے پر پابندی کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔ شہریوں نے ٹریفک پولیس کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے سے نہ صرف سفر کا دورانیہ کم ہوا ہے بلکہ ٹریفک کا بہاؤ بھی پہلے سے کہیں زیادہ بہتر ہوگیا ہے۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق گزشتہ تین ماہ کے دوران کینال روڈ پر سخت کریک ڈاؤن اور مؤثر نفاذ کے باعث کوئی بھی مہلک ٹریفک حادثہ پیش نہیں آیا، جو اس پالیسی کی کامیابی کا واضح ثبوت ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے ماڈل روڈز، بالخصوص کینال روڈ پر چنگ چی اور لوڈر رکشوں کے داخلے پر پابندی عائد کی گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق جاری کریک ڈاؤن کے دوران اب تک 8,810 چنگ چی رکشوں اور 22,822 لوڈر رکشوں کے خلاف کارروائیاں عمل میں لائی جا چکی ہیں۔ ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی بلاامتیاز جاری رہیں گی۔سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ لوڈر رکشوں پر سریا، لوہے کے پائپ اور دیگر بھاری سامان کی غیر محفوظ نقل و حمل دیگر گاڑیوں اور شہریوں کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہوتی ہے، جبکہ کسی بھی حادثے کی صورت میں ایسے رکشے جان لیوا نتائج کا باعث بن سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کینال روڈ پر چنگ چی رکشے بے ہنگم ٹریفک، سست رفتار آمدورفت اور شدید رش کا سبب بن رہے تھے، جس سے روزانہ ہزاروں شہری متاثر ہوتے تھے۔ ان کے مطابق ٹریفک کے نظام کو محفوظ اور منظم بنانے کے لیے یہ اقدامات ناگزیر تھے۔
سی ٹی او لاہور نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ انسانی جانوں کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا تاکہ شہری محفوظ اور بہتر سفری سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے