قصور (پنجاب پوسٹ) سرائے مغل کے نواحی علاقے میں پرانی رنجش کے باعث 19 افراد کی جانب سے ایک گھر میں داخل ہو کر اہل خانہ پر مبینہ تشدد کا واقعہ پیش آیا۔ پولیس کے مطابق ڈنڈوں، سوٹوں، ہاکی، پستول اور کلہاڑی کے وار سے 2 خواتین سمیت 5 افراد زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق زخمیوں میں حسن علی، وارث علی، زینب، طارق اور لبنیٰ بی بی شامل ہیں، جنہیں طبی امداد کے لیے رورل ہیلتھ سنٹر ہلہ منتقل کر دیا گیا۔
مقدمے کے متن کے مطابق ملزمان نے خواتین کے پیٹ میں ٹھڈے مارے، ان کے کپڑے پھاڑ کر مبینہ طور پر نیم برہنہ کیا جبکہ دونوں خواتین کو بالوں سے پکڑ کر صحن میں گھسیٹتے ہوئے تشدد کا نشانہ بنایا۔
ایف آئی آر کے مطابق اہل علاقہ نے مداخلت کرکے خواتین سمیت متاثرہ خاندان کو مبینہ تشدد سے بچایا۔ ملزمان مبینہ طور پر ہوائی فائرنگ اور ڈنڈے لہراتے ہوئے جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہوگئے۔
تھانہ سرائے مغل پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔












