سیالکوٹ(پنجاب پوسٹ)میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت ‘اپنا کھیت اپنا روزگار’ پروگرام کی الاٹمنٹ لیٹرز تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں 29 بے زمین کاشتکاروں کو سرکاری زرعی زمین لیز پر دینے کے الاٹمنٹ لیٹرز فراہم کیے گئے۔ تقریب میں ضلعی انتظامیہ، اراکینِ صوبائی اسمبلی اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اس منصوبے کا مقصد بے زمین کسانوں کو زرعی وسائل فراہم کرکے انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانا اور صوبے میں زرعی ترقی کو فروغ دینا ہے۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق، اراکینِ صوبائی اسمبلی پنجاب چوہدری فیصل اکرام، رانا عارف اقبال ہرنا اور نوید اشرف نے شرکت کی۔
اس موقع پر شرکاء کو منصوبے کی اہمیت اور اس کے فوائد سے آگاہ کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت سیالکوٹ کی تمام تحصیلوں کے 29 بے زمین کاشتکاروں کو 3 سے 5 ایکڑ سرکاری زرعی زمین 10 سال کے لیے 100 روپے فی ایکڑ سالانہ لیز پر دی گئی ہے، تاکہ وہ باعزت روزگار حاصل کرتے ہوئے زرعی سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے زمین کی بہتری اور ترقیاتی کاموں کے لیے فی ایکڑ 50 ہزار روپے بھی فراہم کیے جائیں گے، جس سے کسان جدید زرعی طریقوں کو اپنانے اور اپنی پیداوار میں اضافہ کرنے کے قابل ہوں گے۔
اویس مشتاق کا کہنا تھا کہ ‘اپنا کھیت اپنا روزگار’ ایک انقلابی منصوبہ ہے جو خصوصاً دیہی نوجوانوں کو بااختیار بنانے، بے زمین افراد کو زمین کی فراہمی اور زرعی شعبے کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سکیم وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوام دوست وژن کی عملی عکاسی ہے اور حکومت کسانوں کو خود کفیل بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ منصوبے کے تمام مراحل انصاف، شفافیت اور غیر جانبداری کے اصولوں کے مطابق مکمل کیے گئے ہیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ ہر حکومتی سکیم کو میرٹ پر کامیاب بنانے کے لیے پرعزم ہے۔تقریب کے اختتام پر تمام منتخب بے زمین کاشتکاروں میں الاٹمنٹ لیٹرز تقسیم کیے گئے، جنہوں نے حکومت پنجاب کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس منصوبے سے ان کی معاشی حالت میں نمایاں بہتری آئے گی۔













