شیخوپورہ کے گاؤں مکی 460 میں الشفاء ٹرسٹ کا تین روزہ فری آئی کیمپ، پہلے روز 800 مریضوں کا معائنہ، 50 سے زائد کے مفت آپریشن

شیخوپورہ(پنجاب پوسٹ)الشفاء ٹرسٹ آئی ہسپتال کے زیر اہتمام شیخوپورہ کے گاؤں مکی 460 میں تین روزہ فری میڈیکل آئی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ کیمپ کے پہلے روز 800 مریضوں کا معائنہ کیا گیا جبکہ 50 سے زائد مریضوں کے مفت آپریشن کیے گئے۔ یہ کیمپ مزید دو روز جاری رہے گا۔

الشفاء ٹرسٹ آئی ہسپتال کے پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر اشرف خالد نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں کہا کہ یہ ان کا آبائی گاؤں ہے اور گاؤں والوں کی خدمت ان کا اولین فرض ہے۔ ان کے مطابق الشفاء ٹرسٹ آئی ہسپتال گزشتہ 35 سالوں میں ملک کے مختلف مقامات پر 1600 فری آئی کیمپ لگا چکا ہے، جن میں تقریباً 30 لاکھ سے زائد مریضوں کا مفت علاج کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ الشفاء ٹرسٹ آئی ہسپتال، جی ٹی روڈ، ایوب پارک راولپنڈی کے زیر اہتمام یہ تین روزہ کیمپ شروع کیا گیا ہے اور پہلے ہی روز عوام کا جم غفیر امڈ آیا۔

ماہر آئی اسپیشلسٹ ڈاکٹروں کی ٹیم نے سینکڑوں مریضوں کا مفت معائنہ کیا۔ 50 سے زائد مریضوں کے سفید اور کالے موتیا سمیت آنکھوں کی دیگر بیماریوں کے آپریشن موبائل آپریشن تھیٹر کے ذریعے کامیابی سے مفت کیے گئے۔ کیمپ میں آنے والے مریضوں کو مفت معائنے کے ساتھ مفت ادویات، عینکیں اور دیگر طبی سہولیات بھی دی جا رہی ہیں، جبکہ مستحق اور نادار مریضوں اور ان کے لواحقین کے لیے کھانے کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر اشرف خالد نے کہا کہ اپنے گاؤں کے لیے یہ کیمپ لگانا ان کے لیے باعثِ فخر اور سعادت ہے، اور وہ چاہتے ہیں کہ ان کے گاؤں کا کوئی بھی شخص بینائی جیسی نعمت سے محروم نہ رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ الشفاء ٹرسٹ گزشتہ 35 سالوں سے ملک بھر میں خدمتِ خلق کے مشن پر گامزن ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

اس موقع پر الشفاء ٹرسٹ ہسپتال کے جنرل مینیجر ڈاکٹر نجم اور الشفاء فرینڈز آف نارتھ امریکہ کے نمائندے طاہر ظفر نے بھی مشترکہ گفتگو میں کہا کہ ٹرسٹ صرف کیمپ لگانے تک محدود نہیں بلکہ مریضوں کو مکمل علاج کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ ان کے مطابق کیمپوں میں مفت ادویات، عینکیں اور دیگر سہولیات کے علاوہ مریضوں میں لنگر بھی تقسیم کیا جاتا ہے، اور آنکھوں کے آپریشن جدید موبائل آپریشن تھیٹر کے ذریعے مکمل طور پر مفت کیے جاتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی بھی اس مشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں تاکہ وطن عزیز میں کوئی بھی آنکھوں کے علاج سے محروم نہ رہے۔کیمپ میں آنے والے مریضوں نے ٹرسٹ کی ٹیم کے رویے اور انتظامات کو سراہا۔ اہلِ علاقہ کے معززین اور سماجی شخصیات نے کہا کہ ایسے فلاحی کیمپ غریب اور مستحق مریضوں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں، اور مہنگائی کے اس دور میں مفت علاج کی فراہمی قابلِ تحسین ہے۔

انہوں نے اس کا سہرا ڈاکٹر اشرف خالد اور الشفاء ٹرسٹ کی پوری ٹیم کے سر باندھتے ہوئے ان کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ کیمپ کے باقی دو دنوں میں مزید سینکڑوں مریضوں کے معائنے اور آپریشن کیے جائیں گے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے