ساہیوال(پنجاب پوسٹ) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ساہیوال میں بیمار اور مردہ مرغیوں کا گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 5 من مضرِ صحت اور بدبودار گوشت تلف کر دیا جبکہ سیل سنٹر کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کی ہدایت پر کربلا روڈ فوڈ سٹریٹ میں قائم ایک چکن سیل سنٹر پر کارروائی کی گئی، جہاں بڑی مقدار میں خراب اور ناقابلِ استعمال مرغیوں کا گوشت برآمد ہوا۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق معائنے کے دوران گوشت انتہائی خراب، خون آلود اور رنگت میں تبدیل شدہ پایا گیا۔ ویٹرنری ڈاکٹر کی رپورٹ کے مطابق یہ گوشت انسانی استعمال کے لیے مکمل طور پر ناقابلِ استعمال اور صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ بیمار اور لاغر مرغیوں کا یہ گوشت مختلف فوڈ پوائنٹس اور ہوٹلوں میں سپلائی کیا جانا تھا، تاہم بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے تلف کر دیا گیا اور ذمہ دار شخص کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد نے کہا کہ شہریوں کی صحت سے کھیلنے والوں اور حرام و مضرِ صحت گوشت فروخت کرنے والے عناصر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ صحت دشمن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔













