لاہور( پنجاب پوسٹ ) ڈی سی او ریلوے عبداللہ ارشد نے لاہور سے راولپنڈی جانے والی سبک رفتار ٹرین (101-اپ) اور راولپنڈی سے لاہور آنے والی ریل کار (102-ڈاؤن) پر بلا ٹکٹ مسافروں کے خلاف کارروائی کی، جس کے دوران 98 مسافروں سے مجموعی طور پر 68 ہزار 895 روپے وصول کیے گئے۔
ریلوے حکام کے مطابق 101-اپ سبک رفتار ٹرین میں کارروائی کے دوران بلا ٹکٹ مسافروں سے 10 ہزار 850 روپے کرایہ جبکہ 4 ہزار 25 روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔ اسی طرح 102-ڈاؤن ریل کار میں کارروائی کے دوران 48 ہزار 800 روپے کرایہ اور 5 ہزار 225 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
مزید پڑھیں : بلھے شاہ ایکسپریس 15 سال بعد بحال، ریلوے کی توسیع اور اپ گریڈیشن منصوبوں کا اعلان
حکام کا کہنا ہے کہ وصول کی گئی رقم سرکاری خزانے میں جمع کرا دی گئی ہے۔ کریک ڈاؤن کے دوران کمرشل انسپیکٹر فیصل نزیر اور اسپیشل ٹکٹ چیکنگ اسکواڈ بھی ڈی سی او ریلوے کے ہمراہ موجود تھا۔اکثر بلا ٹکٹ مسافر ٹکٹ چیکرز سے بچنے کیلئے ریل کارز کے واش رومز میں چھپے ہوئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں :ریلوے کی آمدن میں بڑا اضافہ، 9 خسارے والی ٹرینیں بند
ڈی سی او ریلوے عبداللہ ارشد نے ٹرین کے اے سی کوچز کی ایئر کنڈیشننگ، صفائی ستھرائی، ٹائلٹس میں صفائی، پانی کی دستیابی، سیفٹی آلات، مسافروں کو فراہم کی جانے والی کمپلیمنٹری سروسز اور فوڈ کوالٹی کا بھی جائزہ لیا۔
اس موقع پر انہوں نے مسافروں سے ٹرین سروس اور دیگر سہولیات سے متعلق براہِ راست رائے بھی لی۔ ریلوے حکام کے مطابق بیشتر مسافروں نے سہولیات کے حوالے سے مثبت ردعمل کا اظہار کیا۔
عبداللہ ارشد نے متعلقہ عملے کو مسافر سہولیات میں مزید بہتری کے لیے موقع پر ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ٹرینوں میں بلا ٹکٹ سفر کی حوصلہ شکنی کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ان کے مطابق مسافروں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے وزیر ریلوے کے وژن اور ڈی ایس ریلوے کی ہدایات کے مطابق اقدامات کیے جا رہے ہیں۔












