لاہور (پنجاب پوسٹ) رحیم یارخان کے علاقے اسلم ٹاؤن میں ایک دلخراش حادثہ پیش آیا جہاں 18 سالہ ذہنی معذور لڑکی کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوگئی۔ ریسکیو اہلکاروں نے لڑکی کی لاش مین ہول سے نکال کر ورثاء کے حوالے کر دی۔
اہلِ علاقہ کے مطابق مین ہول گزشتہ چار روز سے کھلا تھا اور اس حوالے سے متعدد بار میونسپل کمیٹی کے ایڈمنسٹریٹر کو شکایات بھی کی گئیں، تاہم کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔
واقعے کے بعد اسسٹنٹ کمشنر صادق آباد نے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ سینٹری سپروائزر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔ شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔










