فیروزوالہ(پنجاب پوسٹ) قلعہ ستار کے قریب نالہ ڈیک میں حالیہ ریکارڈ بارشوں کے باعث طغیانی آنے سے حفاظتی بند ٹوٹ گیا، جس کے نتیجے میں لاہور–فیصل آباد ریلوے ٹریک، متعدد دیہات اور سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں متاثر ہو گئی ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق بند ٹوٹنے کے بعد سیلابی پانی قریبی دیہات میں داخل ہو گیا، جبکہ لاہور–فیصل آباد ریلوے ٹریک سمیت کئی زمینی راستوں کا رابطہ بھی منقطع ہو گیا، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ریسکیو 1122 کی ٹیمیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کی نگرانی میں متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں اور شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے سمیت دیگر ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب ایم پی اے پیر اشرف رسول اور متعلقہ ادارے موقع پر موجود ہیں، جبکہ بھاری مشینری کے ذریعے سیلابی پانی کا رخ موڑنے اور اسے مزید دیہات میں داخل ہونے سے روکنے کی کوششیں جاری ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق متاثرہ علاقوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور صورتحال پر قابو پانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے ہنگامی بنیادوں پر کارروائیاں کر رہے ہیں۔
















