لاہور(پنجاب پوسٹ) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے آن لائن مالی فراڈ میں ملوث نیٹ ورکس کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے لاہور اور ملتان سے مجموعی طور پر 14ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران لاہور سے 4 جبکہ ملتان سے 10 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمان مختلف آن لائن فراڈ نیٹ ورکس کے ذریعے شہریوں کو مالی نقصان پہنچانے میں ملوث تھے۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے متعدد موبائل فون، سم کارڈز، جعلی واٹس ایپ اکاؤنٹس اور سوشل میڈیا پروفائلز بھی برآمد کیے گئے، جنہیں مبینہ طور پر فراڈ کی سرگرمیوں میں استعمال کیا جا رہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:میاں چنوں: پولیس کا کریک ڈاؤن، 2 منشیات فروش گرفتار
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان شہریوں کو جعلی انعامات، تحائف، بینک اکاؤنٹ ویریفکیشن اور پارسل کلیئرنس کے نام پر دھوکا دے کر رقم بٹورتے تھے۔
این سی سی آئی اے نے گرفتار ملزمان کے خلاف پیکا ایکٹ اور تعزیراتِ پاکستان کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے ہیں، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق یہ کارروائیاں ڈائریکٹر این سی سی آئی اے پنجاب محمد علی وسیم کی خصوصی ہدایات اور نگرانی میں عمل میں لائی گئیں، اور سائبر فراڈ میں ملوث دیگر عناصر کے خلاف بھی کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے گا۔













