لاہور (پنجاب پوسٹ) جنوبی کوریا کی قومی ہاکی ٹیم آج 27 جولائی سے 8 اگست تک پاکستان کے تاریخی دورے پر پہنچ رہی ہے، جہاں دونوں ممالک کے درمیان چار بین الاقوامی ٹیسٹ میچز اسلام آباد کے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
اعلامیے کے مطابق جنوبی کوریا کی ٹیم کا دورہ پاکستان میں بین الاقوامی ہاکی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے اہم سنگِ میل ثابت ہوگا اور قومی کھیل کے فروغ کو نئی تقویت ملے گی۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ دورہ کھیلوں کے فروغ سے متعلق وزیراعظم پاکستان کے وژن کی بھی عکاسی کرتا ہے۔
مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ نے کہا کہ جنوبی کوریا کی قومی ہاکی ٹیم کا دورہ پاکستان میں قومی کھیل کی بحالی کی جانب ایک تاریخی پیش رفت ہے، جبکہ اس سے پاکستان کا پرامن اور محفوظ تشخص عالمی سطح پر مزید اجاگر ہوگا۔
وفاقی سیکرٹری محی الدین وانی کے مطابق جنوبی کوریا کی ٹیم کا یہ دورہ پاکستان کی اسپورٹس سفارت کاری اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
اعلامیے کے مطابق حکومت پاکستان کی جانب سے جنوبی کوریا کی ٹیم کو اعلیٰ سطح کی سیکیورٹی، پروٹوکول اور تمام ضروری انتظامی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔











