لاہور (پنجاب پوسٹ) روس میں منعقدہ انٹرنیشنل ہارس بیک آرچری چیمپئن شپ میں پاکستانی باپ بیٹی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کا نام روشن کر دیا۔ 14 سالہ اسوہ مرجان نیازی نے عالمی مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے تاریخ رقم کر دی، جبکہ ان کے والد، ایف آئی اے کے سب انسپکٹر نجیب نیازی نے چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا۔
اس غیر معمولی کامیابی کے بعد اسوہ مرجان نیازی کا انتخاب آئندہ چین میں ہونے والی ایشین کپ ہارس بیک آرچری چیمپئن شپ کے لیے بھی کر لیا گیا ہے۔ وہ پاکستان کی تاریخ کی کم عمر ترین ہارس بیک آرچر ہیں جنہیں اس سطح کے عالمی مقابلوں میں ملک کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہوا۔
چیمپئن شپ کے دوران اسوہ نے انتہائی مشکل 90 سیکنڈ ہنٹ ٹریک کامیابی سے مکمل کیا، جس میں گھوڑے پر سوار ہو کر مقررہ وقت کے اندر 16 اہداف کو درست نشانہ بنانا ہوتا ہے۔ مقابلے کے دوران گھوڑا اچانک بے قابو ہو کر پوری رفتار سے دوڑنے لگا، تاہم اسوہ نے غیر معمولی ہمت، بہترین گھڑسواری اور شاندار تیراندازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گھوڑے پر دوبارہ قابو پایا اور تمام اہداف کامیابی سے نشانہ بنا ڈالے۔
ان کی اس دلیرانہ کارکردگی پر پاکستان، روس اور دیگر ممالک کے کھلاڑیوں، ججز اور آفیشلز نے کھڑے ہو کر بھرپور داد دی۔
نجیب نیازی اور اسوہ مرجان نیازی کی روس روانگی لاہور ہائی کورٹ کی اجازت کے بعد ممکن ہوئی تھی۔ کھیلوں سے وابستہ حلقوں نے اس کامیابی کو پاکستان میں ہارس بیک آرچری کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے دونوں کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی عالمی سطح پر پاکستان کے لیے مزید اعزازات حاصل کریں گے۔













