لاہور ( پنجاب پوسٹ ) پاکستان کے نامزد سفیر برائے لیبیا میجر جنرل (ر) ممتاز حسین نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا، جہاں صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمٰن سہگل نے ان کا استقبال کیا۔ ملاقات میں نائب صدر خرم لودھی، ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین ندیم انصاری، رانا شعبان اختر، وقاص اسلم اور فردوس نثار سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
اس موقع پر صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمٰن سہگل نے کہا کہ پاکستان اور لیبیا کے درمیان دوطرفہ تجارت کو ایک ارب ڈالر تک بڑھانے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے، تاہم موجودہ تجارتی حجم دونوں ممالک کی حقیقی استعداد سے کہیں کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیبیا پاکستانی مصنوعات خصوصاً ٹیکسٹائل، سرجیکل آلات، اسپورٹس گڈز اور آئی ٹی سیکٹر کے لیے ایک اہم اور ابھرتی ہوئی منڈی ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لاہور چیمبر پاکستان اور لیبیا کے درمیان تجارتی روابط کے فروغ، کاروباری وفود کے تبادلے اور بی ٹو بی روابط کے ذریعے تجارت میں اضافے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے مضبوط سیاسی تعلقات کو مؤثر اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
نامزد سفیر برائے لیبیا میجر جنرل (ر) ممتاز حسین نے کہا کہ آئندہ دو برس میں پاکستان کی لیبیا کو برآمدات دوگنا کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیبیا میں پاکستانی افرادی قوت کو 20 ہزار سے بڑھا کر 40 ہزار تک لے جانے کی خواہش ہے، جبکہ لیبیا پاکستانی سرمایہ کاری اور برآمدات کے لیے ایک بڑی اور امید افزا منڈی ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔














