ننکانہ صاحب(پنجاب پوسٹ)میں رات بھر ہونے والی موسلادھار بارش کے بعد ضلعی انتظامیہ نے نکاسی آب کا آپریشن بلا تعطل جاری رکھا ہوا ہے۔ ڈپٹی کمشنر رائنا حمید کی ہدایت پر واسا، میونسپل کمیٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کی ٹیمیں شہر بھر میں متحرک ہیں تاکہ نشیبی علاقوں سے بارشی پانی کا فوری اخراج یقینی بنایا جا سکے اور شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔بارش کے بعد ڈپٹی کمشنر رائنا حمید نے ننکانہ سٹی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور نکاسی آب آپریشن میں مصروف ٹیموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔
یہ بھی پڑھیں:گجرات میں شدید بارش، گھر کی دیوار گرنے سے بچی سمیت دو افراد زخمی
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنرز سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران بھی فیلڈ میں موجود رہے اور مختلف مقامات پر جاری آپریشن کی نگرانی کرتے رہے۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ بارش کے بعد نشیبی علاقوں سے پانی کی فوری نکاسی کو یقینی بنایا جائے، جبکہ حساس پانڈنگ پوائنٹس پر مشینری کو ہر وقت الرٹ رکھا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔ انہوں نے مرکزی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی بحال رکھنے کے لیے پانی جمع ہونے والے مقامات کو ترجیحی بنیادوں پر کلیئر کرنے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے متعلقہ اداروں کو یہ بھی ہدایت دی کہ شہریوں کی حفاظت کے پیش نظر بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں، لٹکتی تاروں اور دیگر خطرناک مقامات سے دور رہنے کے حوالے سے آگاہی مہم جاری رکھی جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر رائنا حمید کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ، واسا اور دیگر متعلقہ اداروں کی ٹیمیں مکمل الرٹ ہیں، نکاسی آب کا آپریشن کامیابی سے جاری ہے اور جلد شہر کے تمام متاثرہ علاقوں کو بارشی پانی سے کلیئر کر دیا جائے گا۔














