لاہور(پنجاب پوسٹ) رنگ روڈ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فیملی کا تعاقب کر کے ہراساں کرنے والے تین اوباش نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ گجومتا پیٹرول پمپ سے فیول ڈلوانے کے بعد پیش آیا، جہاں ملزمان نے ایک فیملی کی گاڑی کا تعاقب شروع کر دیا۔ اطلاع ملنے پر رنگ روڈ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گجومتا ٹول پلازہ پر تینوں ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
پولیس نے ملزمان کے خلاف تھانہ کاہنہ میں موٹر سائیکل کے غیرقانونی داخلے، غفلت و لاپرواہی اور فیملی کو ہراساں کرنے کے الزامات کے تحت مقدمات درج کر لیے ہیں۔
کمانڈنٹ رنگ روڈ پولیس کی ہدایت پر گرفتار ملزمان کو حوالات منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
کمانڈنٹ رنگ روڈ پولیس لاہور کا کہنا ہے کہ رنگ روڈ پر شہریوں کا محفوظ سفر ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔














