لاہور(پنجاب پوسٹ) پولیس نے نشتر کالونی کے علاقے سے شہری کے گھر سے اغواء ہونے والے 12 روزہ نومولود بچے کو بازیاب کراتے ہوئے خاتون ملزمہ کو گرفتار کر لیا۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور سید ذیشان رضا نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری اور بچے کی بازیابی کے لیے ایس پی انویسٹی گیشن ماڈل ٹاؤن عثمان عزیز میر کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی۔
پولیس کے مطابق انچارج انویسٹی گیشن تھانہ نشتر کالونی غلام مرتضیٰ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے خاتون ملزمہ کو گرفتار کر کے نومولود بچے کو بحفاظت بازیاب کر لیا۔
ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا کہ ملزمہ کی دو سال قبل شادی ہوئی تھی مگر اس کی کوئی اولاد نہیں تھی۔ اس نے نجی ہسپتال میں متاثرہ خاندان سے تعلقات قائم کیے اور بعد ازاں شہری کے گھر سے 12 روزہ بچے کو اغواء کر کے ضلع شیخوپورہ کے علاقے بدوپلی منتقل کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں:قصور: معمولی تلخ کلامی پر دوست نے دوست کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا
ایس پی انویسٹی گیشن عثمان عزیز میر کے مطابق ملزمہ نے شناخت سے بچنے کے لیے بچے کو اغواء کرنے کے بعد چار سے پانچ مرتبہ رکشہ تبدیل کیا، تاہم پولیس نے پیشہ وارانہ مہارت اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزمہ کا سراغ لگا کر اسے گرفتار کر لیا۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا کا کہنا ہے کہ ملزمہ کے خلاف مضبوط چالان مرتب کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں کو اغواء کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان بھی کیا۔















