سرگودھا: دریائے چناب کی صورتحال قابو میں، تاریخی قبرستان کے تحفظ کے لیے آپریشن جاری

سرگودھا(پنجاب پوسٹ)دریائے چناب کے کنارے واقع سیال موڑ گرنہ پٹھاناں کے تاریخی قبرستان کے قریب کٹاؤ کے خدشات کے بعد ضلعی انتظامیہ حرکت میں آ گئی ہے۔ دریائے چناب میں پانی کی سطح میں مسلسل کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے جبکہ قبرستان کو محفوظ بنانے کے لیے محکمہ انہار نے ہنگامی بنیادوں پر حفاظتی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ مقامی شہریوں کی جانب سے قبرستان کے تحفظ پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا تھا، جس کے بعد متعلقہ اداروں نے حساس مقام پر کام تیز کر دیا ہے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق گزشتہ روز دریائے چناب میں تقریباً اڑھائی لاکھ کیوسک پانی گزرنے کے بعد پانی کے بہاؤ میں نمایاں کمی آئی ہے اور اب بہاؤ کم ہو کر تقریباً ایک لاکھ 60 ہزار کیوسک رہ گیا ہے۔

انتظامیہ کاکہنا ہے کہ موجودہ صورتحال مسلسل مانیٹر کی جا رہی ہے اور تمام متعلقہ محکمے ہائی الرٹ ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری کی ہدایت پر محکمہ انہار، ریسکیو، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے مشترکہ طور پر حفاظتی اقدامات میں مصروف ہیں۔ حساس مقامات کی نگرانی کے لیے جدید ڈرون کیمروں کا استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ دریا کے کنارے مسلسل مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے تاکہ کٹاؤ کے خطرات کا بروقت جائزہ لیا جا سکے۔کچا گرنہ پٹھاناں کے تاریخی قبرستان کو ممکنہ کٹاؤ سے محفوظ رکھنے کے لیے محکمہ انہار نے حفاظتی اسٹڈ (Spur) کی تعمیر شروع کر دی ہے۔ اس منصوبے کا مقصد دریا کے بہاؤ کا رخ تبدیل کرکے قبرستان اور اردگرد کی زمین کو محفوظ بنانا ہے تاکہ مستقبل میں کسی قسم کے نقصان سے بچا جا سکے۔ضلعی انتظامیہ نے دریائی علاقوں میں رہنے والے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور صرف سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صورتحال قابو میں ہے، پانی کی سطح کم ہو رہی ہے اور حفاظتی اقدامات تیزی سے جاری ہیں تاکہ عوام اور تاریخی مقامات کا ہر ممکن تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے