لاہور ( پنجاب پوسٹ ) ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے پنجاب عمر عباس نے کہا ہے کہ حالیہ مون سون بارشوں کے دوران سب سے زیادہ بارش گوجرانوالہ اور راولپنڈی ڈویژن میں ریکارڈ کی گئی، جبکہ نارووال، جہلم اور گجرات میں بھی بارش ہوئی، تاہم مجموعی صورتحال معمول کے مطابق ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دریائے راوی اور ستلج معمول کی سطح پر ہیں۔ نالہ ڈیک اور نارووال کے قریب آنے والے شگاف کو فوری طور پر پُر کر دیا گیا، جبکہ شیخوپورہ میں بند پر پڑنے والے شگاف کو بھی بروقت بند کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : مون سون اپ ڈیٹ : کن علاقوں میں کتنی بارش ہوئی؟
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ سال "پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام” کے تحت نئی مشینری حاصل کی گئی، جس کے نتیجے میں واسا کو تقریباً ایک ہزار نئی مشینیں فراہم کی گئیں۔ مون سون سے قبل بڑے نالوں کی صفائی بھی مکمل کی گئی، جس کے باعث گزشتہ سال کے مقابلے میں اس مرتبہ تین گنا کم پانی جمع ہوا۔
عمر عباس نے بتایا کہ اب تک پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کے مختلف واقعات میں 22 افراد جاں بحق جبکہ 183 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں ریسپانس ٹیمیں متحرک ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ صفائی کا خصوصی خیال رکھیں، بوسیدہ عمارتوں میں رہائش سے گریز کریں، بجلی کی تاروں سے دور رہیں، ندی نالوں میں نہانے سے اجتناب کریں اور کسی بھی حادثے کی صورت میں فوری طور پر ریسکیو 1122 کو اطلاع دیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ پرانے بجلی کے نظام پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، دریا کے بیڈ سے آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ دریاؤں کے اطراف حفاظتی بندوں کی تعمیر اور مضبوطی کا کام بھی جاری ہے۔













