لاہور (پنجاب پوسٹ) شادمان میں خاتون کے سامنے مبینہ طور پر نازیبا حرکات کرنے والے ملزم کو پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی اور شادمان پولیس کی مشترکہ کارروائی میں گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق متاثرہ خاتون نے واقعے کے فوراً بعد ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کر کے مدد طلب کی اور ملزم کی گاڑی سے متعلق معلومات اور ویڈیوز بھی فراہم کیں۔
شکایت موصول ہونے پر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے ورچوئل پیٹرولنگ اینڈ الیکٹرانک ڈیٹا اینالیسز سینٹر نے جدید اے آئی بیسڈ کیمروں اور الیکٹرانک ڈیٹا اینالیسز کی مدد سے ملزم کی گاڑی کو ٹریس کیا۔ حاصل شدہ شواہد اور ملزم کی لوکیشن فوری طور پر شادمان پولیس کے ساتھ شیئر کی گئی۔
پولیس نے سیف سٹیز کی نشاندہی پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گاڑی سمیت گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔
ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا کہنا ہے کہ جدید سرویلنس سسٹم جرائم کی روک تھام اور ملزمان کی بروقت گرفتاری میں مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے شہریوں، بالخصوص خواتین سے اپیل کی ہے کہ ہراسانی یا کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کریں۔













