صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں جھیگا گلی ری ماڈلنگ منصوبہ، کشمیری بازار اور بہاولنگر کی شاہراہوں سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں متعلقہ منصوبوں کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران صوبائی وزیر کو منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر اسپیشل سیکرٹری، چیف انجینئرز، نیسپاک کے نمائندوں اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر نے نیسپاک کو جھیگا گلی ری ماڈلنگ منصوبے کی ٹیکنیکل رپورٹ فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
چیف انجینئر نے صوبائی وزیر کو منصوبے کی پیش رفت سے آگاہ کیا جبکہ بارشوں کے باعث ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کے حوالے سے بھی تفصیلات فراہم کی گئیں۔ صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ نے ہدایت کی کہ محکمہ ہائی وے کا عملہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل رابطے میں رہے۔
اجلاس میں بہاولنگر کی شاہراہوں پر موجود پوٹ ہولز اور سڑکوں کی رائیڈنگ کوالٹی کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزیر نے ایکسیسن بہاولنگر کو شاہراہوں کا وزٹ کرنے اور صورتحال کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔








