اورسیز پاکستانی کا اغوا کار ساہیوال پولیس کی حراست سے فرار ہونے پر اہلکاروں کیخلاف کیا کارروائی کی گئی

ساہیوال ( پنجاب پوسٹ ) اوورسیز پاکستانی دانش شمشاد کے اغوا کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس حراست سے مرکزی ملزم عبدالغفار کے فرار ہونے کے واقعے پر غفلت اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام میں تین پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ فرار ملزم سمیت چار افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ساہیوال کی صابر کالونی 90/9 ایل کے رہائشی شمشاد الحق کا بیٹا دانش شمشاد 27 سال بعد بیرون ملک سے چھٹیاں گزارنے پاکستان آیا تھا۔ 12 جولائی کو وہ اپنے گھر کے باہر سے مبینہ طور پر اغوا ہو گیا، جس پر مغوی کے بھائی کی مدعیت میں تھانہ غلہ منڈی میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

تفتیش کے دوران غلہ منڈی پولیس نے اغوا کیس کے مرکزی ملزم عبدالغفار کو گرفتار کر لیا اور 21 جولائی کو عدالت میں پیش کیا، تاہم عدالتی کارروائی کے دوران پولیس اہلکاروں کی مبینہ غفلت کے باعث ملزم حراست سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

واقعے کے بعد تھانہ سول لائنز پولیس نے ایس ایچ او تھانہ غلہ منڈی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرتے ہوئے اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) فاروق خالد، کانسٹیبل ساجد علی، کانسٹیبل مشتاق اور فرار ملزم عبدالغفار کو نامزد کیا ہے۔ مقدمہ پولیس اہلکاروں کے خلاف غفلت، اختیارات کے ناجائز استعمال اور دیگر متعلقہ دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق تینوں اہلکاروں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے، جبکہ فرار ملزم عبدالغفار کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ تاہم آخری اطلاعات تک ملزم کو دوبارہ گرفتار نہیں کیا جا سکا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے