پنجاب (پنجاب پوسٹ)میں جدید، منظم اور ماسٹر پلان کے مطابق تعمیراتی نظام کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت پنجاب سپیشل پلاننگ اتھارٹی (پی ایس پی اے) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اتھارٹی کے انتظامی و مالی امور، مستقبل کی حکمت عملی اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں سیکرٹری بلدیات شکیل احمد، ڈائریکٹر جنرل عبداللہ نئیر اور بورڈ کے دیگر ارکان نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران پنجاب سپیشل پلاننگ اتھارٹی کے انتظامی معاملات، ادارے میں تعیناتی کے طریقہ کار اور مالی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ بورڈ نے اتھارٹی میں تقرریوں کے طریقہ کار اور مالی معاملات کی باقاعدہ منظوری دے دی تاکہ ادارہ مؤثر انداز میں اپنے فرائض انجام دے سکے۔
وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب سپیشل پلاننگ اتھارٹی کو مقررہ اہداف کے حصول کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھنے ہوں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کمرشل تعمیراتی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کا دائرہ کار مرحلہ وار مزید وسیع کیا جائے تاکہ غیر قانونی تعمیرات کی بروقت نشاندہی اور مؤثر نگرانی ممکن بنائی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خواہش ہے کہ صوبے میں ماسٹر پلاننگ کے مطابق جدید اور منظم تعمیراتی کلچر کو فروغ دیا جائے، جس کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے کام کر رہے ہیں۔
ذیشان رفیق نے بتایا کہ پنجاب سپیشل پلاننگ اتھارٹی کے مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی نظام کو سیٹلائٹ ڈیٹا کی مدد سے تربیت دی جا رہی ہے، جس سے زمین کے استعمال، تعمیراتی سرگرمیوں اور شہری منصوبہ بندی کی نگرانی مزید مؤثر بنائی جا سکے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پلاننگ سپورٹ سسٹم کے ذریعے ہاؤسنگ سکیموں کی منظوری کے لیے آن لائن نظام متعارف کرا دیا گیا ہے، جس سے شفافیت، رفتار اور سہولت میں اضافہ ہوگا جبکہ درخواست گزاروں کو بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں گی۔
وزیر بلدیات نے کہا کہ گرین ایریاز کے تحفظ، غیر منصوبہ بند تعمیرات کی روک تھام اور پائیدار شہری ترقی کے لیے پنجاب سپیشل پلاننگ اتھارٹی کا قیام ایک اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اتھارٹی کو درکار مالی اور انتظامی وسائل کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی تاکہ ادارہ اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کر سکے۔











