لاہور(پنجاب پوسٹ) سیشن کورٹ میں بچوں کی حوالگی کے ایک منفرد کیس کی سماعت کے دوران جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے۔ ایڈیشنل اینڈ سیشن جج ساجد قاسم نے بچیوں کی دادی کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے دونوں بچیوں، آئزہ اور حریم، کو ان کے والد کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالتی حکم کے بعد احاطۂ عدالت میں دونوں بچیاں روتی رہیں اور اپنے والد کے ساتھ جانے سے انکار کرتے ہوئے دادی کے ساتھ جانے کی خواہش کا اظہار کیا، جس کے باعث عدالت میں جذباتی ماحول پیدا ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور ہائیکورٹ میں 10 نئے ججز کی تقرری، 27 جولائی کو حلف برداری
سماعت کے دوران مؤقف اختیار کیا گیا کہ بچیوں کی والدہ دوسری شادی کر چکی ہیں، جبکہ بچیوں کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ دادی نے بھی دوسری شادی کر رکھی ہے۔ دوسری جانب یہ بھی بتایا گیا کہ بچیوں کے والد نے بھی دوسری شادی کر لی ہے۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد بچیوں کو والد کی تحویل میں دینے کا حکم جاری کر دیا۔













