بریسٹ کینسر اسکریننگ صرف 100 روپے میں، ثریا عظیم ہسپتال میں الخدمت کے ابتدائی تشخیصی سینٹر کا افتتاح

لاہور (پنجاب پوسٹ) خواتین کو بریسٹ کینسر کی بروقت تشخیص،اور جدید طبی سہولیات اور کم لاگت پر معیاری اسکریننگ کی فراہمی کے لیے الخدمت منصورہ ٹیچنگ ہسپتال میں ڈاکٹر فوزیہ ناہید بریسٹ کینسر ابتدائی تشخیصی سینٹرکا افتتاح کر دیا گیا۔ اس جدید مرکز میں خواتین صرف 100 روپےکی رجسٹریشن پر ابتدائی اسکریننگ، ماہر ڈاکٹرز سے معائنہ اور ضرورت کے مطابق الٹراساؤنڈ و میموگرافی کی سہولت حاصل کر سکیں گی۔

افتتاحی تقریب میں صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن،سیکرٹری جنرل سیدوقاص جعفری،نائب صدورسیداحسان اللہ وقاص،ڈاکٹرزاہدلطیف، ذکراللہ مجاہد،رہنما جماعت اسلامی فریداحمدپراچہ، ممبر مینجمنٹ کمیٹی ڈاکٹر حافظ اعجاز احمد، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بریگیڈیئر (ر) ڈاکٹر سید ظفر حسین،ڈاکٹر امتہ اللہ زریں سمیت الخدمت کے ذمہ داران، ممتاز ماہرینِ طب، طبی عملے، اہلِ علاقہ اور شعبۂ صحت سے وابستہ خواتین و حضرات نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے کہا کہ بریسٹ کینسر پاکستان میں خواتین میں سب سے زیادہ تشخیص ہونے والا سرطان ہے۔ عالمی ادارۂ صحت کے ذیلی ادارے گلوبوکن (GLOBOCAN)کے مطابق پاکستان میں ہر سال 90 ہزار سے زائد خواتین میں بریسٹ کینسر کی تشخیص ہوتی ہے، جبکہ 40 ہزار سے زائد خواتین اس مرض کے باعث جان کی بازی ہار جاتی ہیں۔

پاکستان ایشیا میں بریسٹ کینسر کی بلند ترین شرح رکھنے والے ممالک میں شامل ہے اور ہرنو میں سے ایک خاتون اپنی زندگی میں اس مرض سے متاثر ہونے کے خطرے سے دوچار ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بریسٹ کینسر اب صرف ایک طبی مسئلہ نہیں بلکہ قومی صحت کا ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔ اس سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے علاج کے ساتھ ساتھ عوامی آگاہی، باقاعدہ اسکریننگ، خواتین میں خود معائنہ کی حوصلہ افزائی اور بروقت تشخیص کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔

ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے کہا کہ پاکستان میں بریسٹ کینسر کے بیشتر مریض اس وقت طبی مراکز سے رجوع کرتے ہیں جب بیماری تیسرے یا چوتھے مرحلے میں پہنچ چکی ہوتی ہے، جس کے باعث علاج پیچیدہ، طویل اور مہنگا ہو جاتا ہے۔ اس کے برعکس اگر بیماری کی ابتدائی مرحلے میں تشخیص ہو جائے تو مکمل صحت یابی کے امکانات 90 فیصد سے بھی زیادہ ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر فوزیہ ناہید بریسٹ کینسر ابتدائی تشخیصی سینٹر کا قیام اسی وژن کا حصہ ہے تاکہ ہر خاتون کو بروقت تشخیص کی سہولت میسر آ سکے اور علاج میں تاخیر کے باعث ہونے والے نقصانات سے بچا جا سکے۔ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے اعلان کیا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ملک بھر میں بریسٹ کینسر کی جلد تشخیص اور آگاہی کے حوالے سے جامع مہم شروع کرے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین بروقت اسکریننگ اور طبی معائنہ کرائیں، بیماری کی ابتدائی مرحلے میں تشخیص ممکن ہو اور قیمتی جانیں بچائی جا سکیں۔

اس موقع پر ڈاکٹر امتہ اللہ زریں نے کہا کہ خواتین میں بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن نہ صرف علاج بلکہ احتیاطی تدابیر، عوامی شعور بیدار کرنے اور بروقت تشخیص کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بریگیڈیئر (ر) ڈاکٹر سید ظفر حسین نے کہا کہ الخدمت منصورہ ٹیچنگ ہسپتال کم لاگت میں معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ ڈاکٹر فوزیہ ناہید بریسٹ کینسر ابتدائی تشخیصی سینٹر کا قیام اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے، جس سے نہ صرف بروقت تشخیص کو فروغ ملے گا بلکہ غریب اور متوسط طبقے کی خواتین پر علاج کے اخراجات کا بوجھ بھی نمایاں طور پر کم ہوگا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے