مون سون اسپیل 2 ، سی اینڈ ڈبلیو، صوبائی وزیر کی فیلڈ افسران کو دفاتر سے باہر رہنے کی ہدایت

لاہور ( پنجاب پوسٹ ) صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت بارشی موسم کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو راجہ جہانگیر انور، اسپیشل سیکرٹری، ایڈیشنل سیکرٹری سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران صوبہ بھر کے 38 اضلاع میں تعینات ایکسیئنز (XENs) اور ایس ڈی اوز (SDOs) سے آن لائن بریفنگ لی گئی اور مون سون بارشوں کے دوران فیلڈ میں ان کی موجودگی اور کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بارشی موسم میں تمام فیلڈ افسران دفاتر میں بیٹھنے کے بجائے عملی طور پر فیلڈ میں موجود رہیں اور شاہراہوں کی مسلسل نگرانی کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جہاں بھی سڑکوں پر پانی جمع ہو وہاں شہریوں کو خبردار کرنے کے لیے فوری طور پر سرخ کپڑا یا وارننگ سائن نصب کیا جائے تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔

انہوں نے زیر تعمیر ترقیاتی منصوبوں کو مناسب حفاظتی انتظامات کے ساتھ کور کرنے، بیلداروں اور اوورسیئرز کی شاہراہوں پر مستقل موجودگی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ وزیر تعمیرات نے کہا کہ بارش کے دوران نکاسی آب کو اولین ترجیح دی جائے اور تمام انڈر پاسز، بائی پاسز اور نشیبی شاہراہوں سے پانی کا فوری اخراج یقینی بنایا جائے۔

اجلاس میں یہ بھی ہدایت کی گئی کہ سی اینڈ ڈبلیو کا مکینیکل ڈویژن اپنی تمام مشینری کے ساتھ ہر وقت فیلڈ میں موجود رہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی ممکن ہو سکے۔

ملک صہیب احمد بھرتھ نے خبردار کیا کہ اگر کسی بھی مقام پر غفلت، ناقص حفاظتی انتظامات یا ایس او پیز پر عمل درآمد نہ ہونے کی شکایت سامنے آئی تو متعلقہ افسر کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مون سون ایمرجنسی کے دوران عوام کے جان و مال کا تحفظ اور شاہراہوں کو ٹریفک کے لیے محفوظ رکھنا محکمہ تعمیرات و مواصلات کی اولین ذمہ داری ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے