لاہور(پنجاب پوسٹ) میں مون سون سیزن کے دوسرے اسپیل کے دوران سٹی ٹریفک پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) سید عبدالرحیم شیرازی کی ہدایت پر کانسٹیبل سے لے کر سینئر افسران تک فیلڈ میں موجود ہیں اور شہر بھر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
سی ٹی او سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق شہر کے 130 سے زائد نشیبی مقامات پر ٹریفک وارڈنز تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ بارش کے دوران وارڈنز شہریوں کی مدد کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی روانی کو بھی یقینی بنا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں مون سون کا سلسلہ برقرار، مزید بارشوں اور سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری
انہوں نے کہا کہ اب تک شہر میں کہیں بھی ٹریفک کی غیر معمولی بندش یا سنگین مسئلہ سامنے نہیں آیا اور تمام افسران کو اپنی متعلقہ ڈویژنز اور سرکلز کے مسلسل دورے کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سی ٹی او کا کہنا تھا کہ واسا انتظامیہ بھی بارش کے دوران نکاسی آب کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے شہریوں اور ٹریفک وارڈنز کو خصوصی ہدایت کی کہ بارش کے دوران حفاظتی تدابیر اختیار کریں اور بجلی کی تنصیبات سے محفوظ فاصلہ رکھیں۔











