لاہور(پنجاب پوسٹ) پولیس نے دو روز قبل کچہری بخشی خانہ سے فرار ہونے والے تمام چاروں ملزمان کو دوبارہ گرفتار کر لیا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق واقعے کے روز ہی تھانہ ہربنس پورہ کے منشیات مقدمے میں نامزد ملزم ریاض کو گرفتار کر لیا گیا تھا، جبکہ باقی تین مفرور ملزمان حسن، وکی اور اشفاق کو بھی مختلف کارروائیوں کے دوران حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس کے مطابق قتل کے مقدمے میں مطلوب ملزم حسن، تھانہ ہئیر کے منشیات مقدمے میں قید ملزم وکی، اور رابری و ڈکیتی کے مقدمے میں مطلوب ملزم اشفاق کو گرفتار کر کے رابری و ڈکیتی کے مقدمے کے بعد کیمپ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:لاہور میں قیدی پولیس کو چکما دینے لگے، ایک روز میں 2 واقعات، مفرور قیدی کتنے خطرناک تھے؟
ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹاسک جاری کیا تھا۔ ایس پی ہیڈ کوارٹرز منزہ کرامت کی نگرانی میں تشکیل دی گئی ٹیموں نے مربوط سرچ آپریشن کے دوران تمام مفرور ملزمان کو دوبارہ قانون کی گرفت میں لے لیا۔
ترجمان کے مطابق واقعے میں غفلت برتنے والے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی جاری ہے۔














